واشنگٹن:امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کو 15 نکاتی منصوبہ بھیج دیا ہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کو بھیجے گئے 15 نکاتی امن منصوبے کا مقصد جنگ سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا ہے، پاکستان، مصر اور ترکیہ ثالثی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کی سر زمین پر کسی بھی مواد کی افزودگی نہ کی جائے، نطنز، اصفہان اور فردو کے جوہری پلانٹس کو ختم کیا جائے۔امریکا نے یہ بھی کہا ہے کہ ایران کو خطے میں پراکسیز کو فنڈنگ بند کرنا ہوگی، ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دے، آبنائے ہرمز میں آزاد میری ٹائم زون قائم کیا جائے، جبکہ ایران کو بیلسٹک میزائل کو بھی روکنا ہوگا۔قبل ازیں ایران نے جنگ روکنے کیلئے 6 سٹریٹجک شرائط پیش کی تھیں، پہلی شرط جنگ دوبارہ نہ ہونے کی یقین دہانی، دوسری خطے میں امریکی اڈوں کو بند کرنے کی ہے، جارح کو پیچھے دھکیلنا اور ایران کو ہرجانے کی ادائیگی تیسری شرط ہے۔اسی طرح تمام علاقائی فرنٹس پر جنگ کا خاتمہ، آبنائے ہرمز کیلئے نئے قانونی رجیم پر عمل کا مطالبہ بالترتیب چوتھی اور پانچویں شرط ہیں جبکہ ایران کی چھٹی شرط تہران مخالف میڈیا کیخلاف کارروائی اور ملک بدری ہے۔
تبصرے بند ہیں.