لاہور: عالمی سطح پر امریکا ایران جنگ بندی میں مؤثر اور نتیجہ خیز سفارتکاری پر پاکستان کی بھرپور پذیرائی کی جا رہی ہے،مختلف ممالک کی اہم شخصیات کی جانب سے مثبت ردعمل میں پاکستانی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی بھرپور تعریف کی جارہی ہے۔چین نے ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھر پور انداز میں سراہا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے جنگی بندی میں پاکستان کے احسن کردار پر شکریہ ادا کیا۔آسٹرین چانسلر کرسچن سٹوکر نے کہا کہ شدید بحران اور تباہ کن اثرات رکھنے والی جنگ کو رکوانےپر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جبکہ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بھی پاکستان کے بطور ثالث شاندار کردار پر شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب نے امن و امان کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے احسن کردار کو سراہا ہے اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ جنگ بندی کیلئے پاکستان کی بطور ثالث انتھک محنت پر شکر گزار ہیں۔نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بھرپور کردار کو بھی سراہتا ہے۔یورپین کونسل اور یورپی یونین کمیشن کی صدور نے بھی ایران امریکا جنگ بندی کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا ہے۔یوکے ، فرانس ، اٹلی ، جرمنی ، کینیڈا ، ڈنمارک ، نیدر لینڈ، اسپین اور جاپان نے بھی مشترکہ بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا، قازقستان ، ملائیشیا کے صدور اور ناروے ، سویڈن کے وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کی بہترین سفارتکاری کو خوب سراہا۔قطر،عمان، پرتگال، رومانیہ سمیت متعدد ممالک نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو قابل ِتحسین قرار دیا۔عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق شدید جنگی حالات میں امن کا راستہ نکالنا پاکستان کی بہترین سفارتکاری اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کا واضح ثبوت ہے، جنگ بندی کے بعد بطور ذمہ دار ریاست پاکستان کے اعتماد اور وقار میں عالمی سطح پر بھرپور اضافہ ہوا ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان نے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کیا۔
تبصرے بند ہیں.