اسپننگ سیکٹر کاروئی کی درآمد پر ڈیوٹی مکمل ختم کرنے کا مطالبہ

کراچی:  آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے خام کپاس کی درآمد پرکسٹمز ڈیوٹی کی شرح 2 فیصد سے بڑھاکر3فیصد کرنے، ایڈیشنل ڈیوٹی میں 1 فیصد اضافے اورحکومت کے اس ضمن میں سرد رویے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ اضافے کے بعد خام کپاس کی درآمدات پرڈیوٹی کی مجموعی شرح4فیصدکی سطح تک پہنچ گئی ہے۔

حکومت نے یہ اقدام اس وقت اٹھایاہے جب ٹیکسٹائل انڈسٹری پہلے ہی کپاس کی ملکی پیداوار میں کمی سے بحران میں مبتلاہے، سال2015-16کے سیزن میں کپاس کی پیداوار 35 فیصد کم ہوئی جبکہ رواں سیزن میں کپاس کے زیرکاشت رقبے میں 25 فیصد کمی کا خدشہ ہے جس سے کپاس کی پیداوار مزیدکم ہوگی اور اسپننگ انڈسٹری کو ضروریات پوری کرنے کے لیے 4 فیصد کسٹمز ڈیوٹی پرکپاس درآمدکرنا پڑے گی۔ اپٹماکے سینٹرل چیئرمین طارق سعودنے کہاکہ کپاس کی درآمد پر ڈیوٹی مکمل ختم کرنے کا جائز مطالبہ تسلیم کرنے کے بجائے حکومت نے کسٹمز ڈیوٹی کی شرح میں مزید اضافہ کر کے انڈسٹری کے لیے مزید مشکلات کھڑی کر دی ہیں، ان حالات میں جب بنیادی خام مال پر ڈیوٹی کی شرح بڑھا دی گئی ہے تو ٹیکسٹائل انڈسٹری کا آپریٹ کرنا اور ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری کے لیے یارن کی فراہمی ممکن نہیں رہی، پاکستان روئی کا درآمدی ملک بن کر رہ گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.