اسٹاک مارکیٹ میں محدود تیزی، کاروباری حجم3ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو زبردست اتارچڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی، تیزی کے باعث55.48 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ جبکہ حصص کی مالیت میں2 ارب12 کروڑ 67 لاکھ94 ہزار148 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ کاروباری حجم 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جس سے انڈیکس 221.37 پوائنٹس کے اضافے سے23588.52 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا لیکن اس دوران مختلف شعبوں کی جانب سے منافع کے حصول پر دباؤ بڑھنے سے تیزی کی شرح میں کمی ہوئی تاہم کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر38 لاکھ35 ہزار485 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا ۔جبکہ میوچل فنڈز کی جانب سے18 لاکھ 58 ہزار243 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے3 لاکھ53 ہزار846 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے16 لاکھ23 ہزار396 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 13.93 پوائنٹس کے اضافے سے23381.08 ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایس سی30 انڈیکس14.05 پوائنٹس کی کمی سے17831.05 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 4.71 پوائنٹس کی کمی سے39385.22 ہوگیا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت49 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ52 لاکھ44 ہزار770 حصص کے سودے ہوئے جو گزشتہ 3 ماہ کی بلند ترین سطح ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ310 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں172 کے بھاؤ میں اضافہ، 109 کے داموں میں کمی اور29 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے بند ہیں.