اسلام آباد جھڑپوں میں دو کارکنوں کی موت گولی لگنے سے ہوئی: پوسٹ مارٹم رپورٹ

اسلام آباد میں جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہونے والی عوامی تحریک کے کارکنوں کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے مطابق جاں بحق ہونے والے دو افراد کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے۔

اسلام آباد) گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والی جھڑپوں میں جاں بحق ہونے والے عوامی تحریک کے تین کارکنوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم ڈاکٹر نصیر خان، ڈاکٹر اعجاز، ڈاکٹر فرخ کمال اور شائستہ ظفر پر مشتمل 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا۔ ذرائع کے مطابق عوامی تحریک کے کارکن رفیع اللہ اور گلفام عادل کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رفیع اللہ کو گولی سر کے بائیں جانب لگی جو دماغ پھاڑتی ہوئی سر کے پیچھے کھوپڑی میں پھس گئی۔ پوسٹ مارٹم کے دوران کھوپڑی کے پچھلے حصے سے گولی کا سکہ نکال لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رفیع اللہ کو لگنے والی گولی رائیفل کی تھی جو 50 فٹ کے فاصلے سے ماری گئی۔ جاں بحق ہونے والے عوامی تحریک کے دوسرے کارکن گلفام عادل کو گولی کولہے کی ہڈی میں لگی جو کمر کی بائیں جانب سے باہر نکل گئی۔ پوسٹ مارٹم کے مطابق گلفام عادل کی موت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی۔ عوامی تحریک کے کارکن نوید قمر کی موت پانی میں ڈوبنے سے ہوئی۔ جھڑپوں میں جاں بحق ہونے والے چوتھے کارکن نوید رزاق کے جسم کے اعضاء کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔ نوید رزاق کی حتمی رپورٹ کل تیار کر لی جائے گی۔ –

تبصرے بند ہیں.