مصری میڈیا نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نافذ العمل ہونے کا دعویٰ کردیا۔مصری میڈیا القاہرہ ٹی وی کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدہ پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے سےنافذالعمل ہوگیا ہے۔مصری وزارت خارجہ غزہ جنگ بندی معاہدے کو اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرم الشیخ میں ہونے والی مثبت پیشرفت غزہ جنگ میں ایک اہم موڑ کی نمائندگی کرتی ہے، مصری وزیرخارجہ بدر عبدالعاطی آج پیرس روانہ ہوں گے جہاں وہ غزہ کی صورتحال سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ جنگ بندی آج شام اسرائیلی حکومت کی طرف سے معاہدےکی توثیق کے بعدنافذالعمل ہوگی۔خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ غزہ سے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اتوار یا پیرکو متوقع ہے۔دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ امن معاہدے پر آج باقاعدہ دستخط ہونے کا امکان ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی نے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ معاہدے پر آج دوپہر تک فریقین کی جانب سے دستخط متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخط کے بعد غزہ جنگ بندی نافذ العمل ہونےکا امکان ہے، 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج غزہ سے جزوی انخلا کا پہلا مرحلہ مکمل کر لے گی۔
تبصرے بند ہیں.