اسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کئے بغیرخطےمیں پائیدارامن ممکن نہیں، اسرائیلی وزیراعظم

تل ابيب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکا کہنا ہے کہ فلسطین کو خطے میں حقیقی طورپر پائیدارامن قائم کرنے کے لیےاسرائیل کو ایک یہودی ریاست کے طور پر تسلیم کرنا ہوگا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو یہودیوں کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل کو ایک یہودی ریاست کے طور پر تسلیم نہ کرنے کے فیصلے کو چھوڑنا ہو گا، یہ شرائط دونوں ریاستوں کے درمیان بات چیت کےعمل کو شروع کرنے کے لئے نہیں بلکہ دونوں ریاستوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کو تسلیم کرنے کے لئے ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعے کی اصل وجہ مغربی کنارے اورغزہ کی پٹی پر اسرائیلی تعمیرات نہیں بلکہ یہودی ریاست کو تسلیم نہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی حکومت کی جانب سے اسرائیل کو یہودی ریاست کے طورپر تسلیم کرنے کی ہمیشہ مخالفت ہی کی گئی ہے، جب تک فلسطینی عوام اورحکمران اسرائیل کے اس حق کو تسلیم نہیں کر لیتے تو اس وقت تک خطے میں حقیقی اور پائیدارامن ممکن نہیں، خطے میں پائیدارامن قائم کرنے کی دوسری شرائط کی طرح فلسطینوں کو پناہ گزین کی واپسی کے مطالبے کو بھی ختم کرنا ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.