Latest National, International, Sports & Business News

اسرائیلی حملے: ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سمیت متعدد کمانڈرز اور 6 سائنسدان شہید

تہران، یروشلم : اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کرتے ہوئے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، 6 جوہری سائنسدان اور عام شہری شہید ہو گئے۔اسرائیل نے آج صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ایرانی ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی آرمی چیف جنرل محمد باقری بھی حملے میں شہید ہوچکے ہیں، پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی شہید ہوگئے، پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈرغلام علی راشد شہید ہوگئے، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر تہرانچی ڈاکٹر فریدون عباسی بھی شہید ہوگئے، القدس فورس کے سینئر کمانڈراسماعیل قانی بھی شہید ہوگئے،ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ علی شمخانی بھی شہید ہو گئے ہیں۔ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق تہران کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ پچاس سے زیادہ شہری زخمی بتائے گئے ہیں۔ایران کے سپریم لیڈر نے تہران پر فضائی حملوں کے بعد دو اہم عبوری فوجی تقرریاں کی ہیں، ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی کو جنرل حسین سلامی کی جگہ پاسداران انقلاب کا قائم مقام کمانڈر انچیف مقرر کیا گیا ہے۔ایڈمرل امیر حبیب اللہ سیاری کو ایران کی مسلح افواج کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، ایڈمرل حبیب اللہ سیاری کو شہید میجر جنرل محمد باقری کا جانشین مقرر کیا گیا۔ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملےکی تصدیق کر دی، دوسری طرف اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا گیا، اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فضائیہ کے 200 لڑاکا طیاروں نے حملے میں حصہ لیا۔امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کی فوجی قیادت کی رہائش گاہوں سمیت 6 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

تبصرے بند ہیں.