اداکارہ اُرمیلا ماتونڈکرلوک سبھا الیکشن سے قبل کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئیں۔ اے آئی سی سی میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے پارٹی قائدین سنجے نروپم ‘ مرلی دیورا اور پارٹی ترجمان پرینکا چترویدی کی موجودگی میں ارمیلا کو کانگریس میں شامل کیا۔ امکان ہے کہ اداکارہ شمالی ممبئی حلقہ سے لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔ ارمیلا نے قبل ازیں کانگریس صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی جنہوں نے پارٹی میں ان کی آمد کا خیرمقدم کیا۔ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ارمیلا نے کہا کہ میں اس پرتپاک خیرمقدم کے لئے راہول گاندھی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ میں یہاں اس لئے ہوں کہ میں کانگریس کی آئیڈیالوجی پر یقین رکھتی ہوں۔ آج ہمیں ایسے قائد کی ضرورت ہے جو انصاف اور مساوی مواقع کا حامی ہے۔ ارمیلا ماتونڈکر نے کہا کہ وہ صرف لوک سبھا الیکشن کے لئے پارٹی میں شامل نہیں ہوئی یہ دن اس لئے اہم ہے کیونکہ میں سرگرم سیاست میں پہلا قدم رکھ رہی ہوں۔ میں اُس خاندان سے ہوں جس نے مہاتما گاندھی‘ جواہر لال نہرو اور سردار پٹیل کی آئیڈیالوجی کی بنیاد پر میرے سیاسی نظریات کی صورت گری کی۔ درس و تدریس سے وابستہ گھرانہ سے تعلق کے باوجود میں فلموں میں آئی لیکن بچپن سے مجھے سماجی مسائل سے واقفیت ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں نیم دلی سے کبھی کچھ نہیں کیا۔ کانگریس کا فیصلہ بھی نیم دلی سے نہیں ہوا ہے۔ میں یہاں مستقل طورپر آئی ہوں۔ نہ تو میں لوک سبھا الیکشن کے لئے پارٹی میں شامل ہوئی ہوں اور نہ الیکشن کے بعد پارٹی سے منہ موڑنے والی ہوں۔
تبصرے بند ہیں.