اجناس کی بین الاقوامی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے ملاجلا رجحان

لندن: اجناس کی بین الاقوامی منڈیوں کو گزشتہ ہفتے چین وامریکا میں غیرمتوقع معاشی سست روی اور یورو زون میں بیروزگاری کی بلند شرح نے متاثر کیا تاہم یورپی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں کٹوتی اور امریکا میں جاب مارکیٹ کی قدرے بہتر صورتحال کی وجہ سے کئی اشیا کی قیمتوں میں ریکوری آئی۔ اس طرح گزشتہ ہفتے مارکیٹس میں ملاجلا رجحان رہا، خام تیل کی مارکیٹس جمعہ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اتارچڑھائو کا شکار رہیں، لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی جون میں فراہمی کے لیے سودے 102.37 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے، ایک ہفتے قبل برینٹ کی قیمت 102.35 ڈالر فی بیرل رہی تھی، اس طرح برینٹ کے نرخ صرف 0.02سینٹ بڑھے، دوسری طرف نیویارک مارکنٹائل ایکسچینج میں لائٹ سوئٹ کروڈ کی قیمت 3.65 ڈالر بڑھ کر 95.83 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی ، قیمتی دھاتوں کے حوالے سے گزشتہ ہفتے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1741.5 سے کم ہو کر 1469.25 ڈالر فی اونس اور چاندی کی قیمت 24.02 سے بڑھ کر 24.25 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ پلاٹینم کی قیمت 1483سے بڑھ کر1501اور پلاڈیم کی 694 سے بڑھ کر 681 ڈالر فی اونس ہوگئی، تانبے کی قیمت 7085سے بڑھ کر 7267 ڈالر، المونیم کی1901سے گھٹ کر 1878 ڈالر، لیڈ کی 2034 سے کم ہوکر2023 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ٹن کی قیمت 20850 سے کم ہو کر20170، کلئی کی 15300سے گھٹ کر 15080 اور زنک کی قیمت 1900 ڈالر سے کم ہو کر 1882 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ علاوہ ازیں خام چینی کی قیمت جولائی میں فراہمی کے لیے 17.44 سینٹ سے بڑھ کر 17.45 سینٹ فی پائونڈ اور سفید چینی کی اگست میں فراہمی کے لیے قیمت 501.4 ڈالر سے کم ہو کر 497.90 ڈالر فی ٹن ہوگئی، ربر کی قیمت 246 سے بڑھ کر248.10 سینٹ فی کلو ریکارڈ کی گئی۔

تبصرے بند ہیں.