اجناس کی بین الاقوامی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے بھی دباؤ برقرار

لندن: اجناس کی بین الاقوامی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے بھی دباؤ برقرار رہا اور بیشتراشیا کی قیمتوں میں کمی آئی جس کی وجہ ٹریڈرز نے چین پیداواری سرگرمیوں میں کمی اور امریکی معاشی سپورٹ پروگرام توقعات کے برعکس جلد محدود یا بند کیے جانے کے خدشات کو قرار دیا۔ گزشتہ ہفتے آئل مارکیٹس دباؤ کا شکار رہیں، ایک موقع پر برینٹ نارتھ سی خام تیل 3ہفتے کی کم ترین سطح 100.64 ڈالر فی بیرل تک گرگیا تھا تاہم بعد میں ریکوری آئی اور ہفتے کے اختتام پر لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ کی جولائی میں فراہمی کیلیے قیمت 104.47 ڈالر سے کم ہو کر 102.27 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ نیویارک مارکنٹائل ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران لائٹ سوئٹ کروڈ کی قیمت 95.64 ڈالر سے کم ہو کر 93.91 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ قیمتی دھاتوں کی مارکیٹس میں گزشتہ ہفتے ملاجلا رجحان رہا، ایک موقع پر سونے کی قیمت 1ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی جبکہ چاندی کی قیمت ستمبر 2010 کے بعد کم ترین سطح 20.69 ڈالر فی اونس تک گر گئی تاہم بعد میں ریکوری دیکھی گئی، کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1368.75 ڈالر سے بڑھ کر 1390.25 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت ایک ہفتے میں 22.52 ڈالر سے کم ہوکر 22.38 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت ایک ہفتے میں1470ڈالر سے گھٹ کر1455 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی قیمت 736 سے کم ہو کر729 ڈالر فی اونس ہوگئی۔بنیادی یا صنعتی دھاتوں میں سے بیشتر کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ ہوا، لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی3ماہ میں فراہمی کیلیے قیمت ایک ہفتے میں 7330 ڈالر سے گھٹ کر 7315.75ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت 1857 سے کم ہو کر 1854.50 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی قیمت2008 سے بڑھ کر 2055.75 ڈالر فی ٹن، نکل کی قیمت 14830 ڈالر سے بڑھ کر14910 ڈالر فی ٹن، زنک کی قیمت 1841 سے بڑھ کر 1861.75 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں کمی آئی، خام چینی کی جولائی میں فراہمی کیلیے قیمت 16.94 سے گھٹ کر 16.79 سینٹ فی پاؤنڈ ہوگئی جبکہ سفید چینی کی اگست میں فراہمی کیلیے قیمت 477.90 ڈالر سے کم ہو کر 475.50 ڈالر فی ٹن ہوگئی، سویابین، گندم اور مکئی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ ہوا جبکہ ربر کی قیمتیں جمود کا شکار ہوگئیں۔

تبصرے بند ہیں.