آسٹریلیا کا انگلینڈ کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20ٹیموں کا اعلان، پاکستانی نژاداسپنر فواد احمد بھی ٹیم کا حصہ

سڈنی: آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیر یز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، پاکستانی نژاد لیگ اسپنر فواد احمد کو بھی پہلی بار آسٹریلین ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سڈنی میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے آسٹریلین ٹیم کے سیلیکٹر جان انویریٹی کا کہنا تھا کہ فواد احمد نے آسٹریلیا اے ٹیم کی جانب سے زمبابوے اور ساؤتھ افریقہ کے خلاف میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انٹر نیشنل کرکٹ میں بھی اس نوجوان لیگ اسپنر سے بہترین توقعات کی امید ہے، فواد احمد کو ایکزیویر ڈوہٹری کی جگہ اسکواڈ کاحصہ بنایا گیا ہے۔ آسٹریلین اسکواڈ میں شامل کئے گئے کھلاڑیوں میں مائیکل کلارک ، جارج بیلے، فواد احمد، ناتھن کالٹر نیل، جیمز فالکنر، ایرون فنچ، جوش ہیزلیوڈ، فلپ ہیوجز، مچل جانسن، شان مارش، گلین میکسویل، کلنٹ میکے، اسٹیون اسمتھ، مچل اسٹارک، ایڈم ووجز، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر اورشین واٹسن شامل ہیں۔ واضح رہے کہ فواد احمد نے 2010 میں آسٹریلیں شہریت کے لئے درخواست دی تھی اور اس دوران انہوں نے آسٹریلیا اے ٹیم اور وکٹوریہ کی ٹیموں کی نمائندگی کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے گزشتہ ماہ فواد احمد کی شہریت کی درخواست منظور کی گئی جس کے بعد انہیں آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.