آئی پی ایل اسکینڈل ،بھارتی کرکٹ بورڈ کل سرجوڑ کر بیٹھے گا
ممبئی: نوٹوں کی چمک سے چندیا جانے والے بھارتی کرکٹ بورڈ حکام اسپاٹ فکسنگ کی کیچڑمیں ایک مرتبہ پھرغوطہ زن،اسکینڈل ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ بن گیا، بی سی سی آئی کا تھنک ٹینک کل سر جوڑ کر بیٹھے گا۔آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کو بے تحاشہ پیسہ دے کر دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ سمجھ رہا تھا کہ اس کے کھلاڑی کسی کے ہاتھوں میں نہیں کھیلیں گے لیکن اگراعتبار اٹھ جائے تو ہرچیز شک کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے یہی کچھ حال اس وقت بھارت میں کرکٹ کا ہے، سمجھ نہیں آتا کہ آئی پی ایل میچز میں آخری گیند پر لگنے والے چھکے سے جتوائے گئے میچ پر واہ واہ کی جائے یا پھر یہ سوچا جائے کہ دال میں کہیں کچھ کالا تو نہیں۔ دیکھا جائے توآئی پی ایل کی تاریخ ہی تنازعات سے بھری پڑی ہے چاہے کرس کینزکا معاملہ ہو یا للت مودی کی معطلی ، کھلاڑیوں کی ہوٹلوں میں ماڈلز کے ساتھ شراب اور شباب کی محفلوں میں شرکت ہو یا پھر میچ کے دوران لگنے والے چوکے اور چھکے پر چیئرلیڈرز کا بے ہودہ رقص، سب میڈیا کی زینت بنتا رہا ہے لیکن بی سی سی آئی خواب خرگوش کے مزے اڑانے میں لگا رہا۔ گزشتہ برس بھی آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے سراٹھایا تھا جس میں پانچ کھلاڑیوں کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ اوراینٹی کرپشن یونٹ پر کئی انگلیاں اٹھیں، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ معاملہ رفع دفع کردیا گیا اگر اسی وقت کرپشن کے ناسور کو اکھاڑ پھینکا جاتا تو شائد اسپاٹ فکسنگ ایک مرتبہ پھر بی سی سی آئی کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ نہ بنتی۔ آئی پی ایل کے سیزن سکس میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں نے اقبال جرم کرلیا ہے جس کے بعد بی سی سی آئی نے ہنگامی میٹنگ اتوار کو طلب کی ہے جس میں تھنک ٹینک سرجوڑ کر بیٹھے گا۔ فیصلہ اب بھارتی کرکٹ بورڈ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اسپاٹ فکسنگ کی زد میں آنے والے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتا ہے یا پھر پہلے کی طرح سب بھلا کرکرپشن کی کیچڑ میں غوطہ زن رہتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.