آئی سی سی ٹاپ سپنرز سے جان چھڑانا چاہتا ہے: ڈیرل فاسٹر

کرکٹ میں بائیومکینک کے سینئر ماہر ڈیرل فاسٹر نے کہا ہے کہ سعید اجمل جیسے بائولرز کے بغیر کرکٹ پھیکی ہو رہی ہے۔ سعید اجمل پر آئی سی سی کی پابندی پر حیران نہیں بلکہ مایوس ہیں۔ اگر کھلاڑی ماہرین کے مشورے پر عمل درآمد کے لئے تیار ہو تو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں اس کا بائولنگ ایکشن بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

میلبورن: (آن لائن) کرکٹ میں بائیومکینک کے سینئر ماہر ڈیرل فاسٹر نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل دنیا کے کچھ بہترین سپن بائولرز سے چھٹکارا پانے کے لئے ضرورت سے زیادہ سرگرم ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں فاسٹر کا کہنا تھا کہ سعید اجمل جیسے بائولرز کے بغیر کرکٹ پھیکی ہو رہی ہے۔ ماضی میں سری لنکا کے لیجنڈ مرلی دھرن کے بائولنگ ایکشن پر کام کرنے والے فاسٹر نے کہا کہ وہ سعید اجمل پر آئی سی سی کی پابندی پر حیران نہیں بلکہ مایوس ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ہم دنیا کے کچھ بہترین سپن بائولرز سےجان چھڑانے کے لئے کچھ زیادہ ہی سرگرم ہیں۔ اگر آئی سی سی اس راستے پر چل پڑی ہے تو پھر لوگ قوانین پر علم درآمد پر مجبور ہیں۔ فاسڑ رواں سال جولائی میں پابندی کا شکار ہونے والے سری لنکن آف سپنر سچترا سینانائیکے کے بائولنگ ایکشن پر بھی کام کر چکے ہیں۔ فاسٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندر سعید اجمل کے ایکشن کو درست کرنے کے لئے ماہرین اور سہولیات میسر ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ اجمل جیسے ٹیلنٹ کو کرکٹ سے باہر کرنے کو افورڈ کیا جا سکتا ہے۔ فاسٹر کے مطابق اگر کھلاڑی ماہرین کے مشورے پر عمل درآمد کے لئے تیار ہو تو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں اس کا بائولنگ ایکشن بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.