آئندہ ماہ پاک بنگلہ دیش فٹبال سیریز کا امکان

ڈھاکا / کراچی: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ ماہ فٹبال سیریز کا امکان روشن ہو گیا، 13 اور 16 اگست کو دوستانہ میچز کے انعقاد پر غور کیا جارہا ہے۔ پاکستانی درخواست پر بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن نے مجوزہ شیڈول ارسال کر دیا، ساف چیمپئن شپ سے قبل گرین شرٹس کیلیے یہ مقابلے انتہائی اہم خیال کیے جارہے ہیں، بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہماری ٹیم سے ڈھاکا میں 2 دوستانہ فٹبال میچز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی، اس کیلیے انھوں نے ہم سے اپنے شیڈول میں جگہ تلاش کرنے کی درخواست بھی کی تھی، ہم نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو مثبت جواب دیدیا، امکان ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی فٹبال ٹیموں کے درمیان اگست میں عیدالفطر کے بعد سیریز منعقد کی جائے گی۔ بنگلہ دیشی فیڈریشن کے صدر قاضی صلاح الدین کے مطابق ہم برادر ملک سے ان میچز کے انعقاد کا پروگرام 13 اور 16 اگست کو کرنے پر غور کررہے ہیں، اگرچہ ابھی تک کوئی بات حتمی نہیں لیکن انھیں بین الاقوامی دوستانہ میچز کا درجہ حاصل ہوگا۔انھوں نے مزید بتایا کہ ہم نے یہ شیڈول پاکستانی فٹبال حکام کو بھجوا دیا اور اب ان کے جواب کا انتظار کیا جارہا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ ہماری نیشنل ٹیم کے ڈچ کوچ لوڈویک ڈی کریف ساف چیمپئن شپ سے قبل پاکستان سے دوستانہ میچز کے کیخلاف ہیں ، ان کا خیال ہے کہ ایونٹ میں پاکستانی ٹیم ٹائٹل کی دعویدار ہوگی لہذا اس سے قبل باہمی دوستانہ میچز کے انعقاد سے ہمیں اپنے پلیئرز کا ٹیلنٹ اس کے سامنے ظاہر نہیں کرنا چاہیے، لہذا ہم پاکستان سے متوقع ایک میچ میں اپنی نیشنل ٹیم کو میدان میں اتاریں گے جبکہ دوسرے میں ہماری کلب سائیڈ گرین شرٹس کا سامنا کرے گی، واضح رہے کہ ساف فٹبال چیمپئن شپ رواں برس ستمبر تک نیپال میں شیڈول ہے، ایونٹ میں خطے کے 8 ممالک حصہ لیں گی، ان میں پاکستان سمیت افغانستان، بھوٹان، بنگلہ دیش، بھارت، مالدیپ، سری لنکا اور میزبان نیپال شامل ہیں۔ دریں اثنا بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن کے صدر نے گذشتہ روز ڈچ کوچ سے ملاقات میں ٹیم کے ٹریننگ پروگرام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر کوچ نے فیڈریشن چیف کو پلیئرز کی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا، صلاح الدین نے میڈیا کو بتایا کہ ڈچ کوچ کھلاڑیوں کے فٹنس لیول سے مطمئن نہیں ہیں، اس میں بہتری کیلیے وہ رواں برس مارچ میں منعقدہ اے ایف سی چیلنج کپ کوالیفائرز کے بعد سے کام شروع کرچکے ہیں۔ دوسری جانب ساف فٹبال چیمپئن شپ کیلیے 23 رکنی اسکواڈ منتخب کرنے کیلیے بنگلہ دیش نے تیاریاں شروع کررکھی ہیں، ڈچ کوچ کی زیرنگرانی پلیئرز کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے، وہ روزانہ دو سیشنز میں کھلاڑیوں کی تکنیک اور اسٹیمنا جانچ رہے ہیں، بنگلہ دیش 2003 میں علاقائی ایونٹ اپنے نام کرچکااور ایک مرتبہ پھر ٹرافی کو اپنے قبضے میں کرنے کیلیے مضبوط اسکواڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

تبصرے بند ہیں.