آئندہ بجٹ میں بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی جا رہی: اسحاق ڈار –

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ترسیلات زر پر ٹیکس لگایا جائے گا نہ ہی بجلی کی قیمت بڑھائی جا رہی ہے۔ آنے والے تین سال ملکی معیشت کی ترقی کے سال ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت میں آنے سے قبل دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا تاہم صرف بیس ماہ کی مدت میں دنیا نے پاکستانی معیشت کو پہلے مستحکم اور پھر اب مثبت قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر کوئی ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں اقتصادی شرح نمو کا ہدف 5 فیصد سے زائد رکھا تھا جو اگست سے دسمبر تک چلنے والے دھرنوں اور ستمبر میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں کو نہیں بڑھا رہی تاہم بجلی کے نرخ مناسب حد تک لانے سے حکومت کو جو نقصان ہو رہا ہے اسے کم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے بھی اضافی رقم مختص کی جا رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.