آئر لینڈ کے سنیئر سیاستدان ایان پیسلی کا انتقال ہو گیا

شمالی آئرلینڈ کے برطانیہ نواز سیاستدان ایان پیسلی 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ پروٹیسٹنٹ عقیدے کے حامل ایان پیسلی نے مخالف سیاسی جماعت شِن فین کے ساتھ حکومت سازی کی اہم ڈیل کو بھی مکمل کیا تھا۔ 

بلفاسٹ (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق شعلہ بیان تقریر کرنے والے آئرش سیاستدان ایان پیسلی کو اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کے تناظر میں خاص شہرت حاصل تھی۔ وہ برطانیہ کی عملداری میں شمالی آئرلینڈ کے فرسٹ منسٹر بھی تھے۔ پیسلی کی رحلت کا اعلان ان کی بیوی ایلین کی جانب سے کیا گیا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کی آخری رسومات صرف خاندان کے افراد کی موجودگی میں خاموشی سے ادا کی جائیں گی۔ ایان پیسلی نے اپنی آخری رسومات کو انتہائی سادگی سے ادا کرنے کی وصیت کر رکھی تھی۔ ان کے لیے میموریل سروس رواں برس کے آخر میں رکھی گئی ہے۔ وہ اَلسٹر کے ٹاون کے فری پریسبیٹیریئن چرچ کے پادری رہتے ہوئے قدامت پسند ڈیمو کریٹک یونینسٹ پارٹی کے سربراہ بھی تھے۔ انہوں نے جون سن 2008 میں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ وہ یورپی پارلیمنٹ کے رکن بھی رہے تھے۔ –

تبصرے بند ہیں.