Latest National, International, Sports & Business News

کیریبیئن پریمیئر لیگ کا رنگ و نور کی برسات میں افتتاح

برج ٹاؤن: کیریبیئن پریمیئر لیگ کا رنگ و نور کی برسات میں افتتاح ہوگیا، تقریب میں ہالی ووڈ کے گلوکاروں اور مقامی موسیقاروں نے اپنے فن کا جادو جگایا۔ سابق ویسٹ انڈین کرکٹرز گیری سوبرز، بارباڈوس کے وزیراعظم فرینڈل اسٹورٹ اور لیگ کے ٹاپ آفیشلز بھی موجود تھے، تقریب میں 450 ڈانسرز نے مخصوص لباس میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، اس موقع پر ٹیم کٹس میں ملبوس 90 بچوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور ایونٹ ٹرافی کی بھی رونمائی کی گئی۔ کیریبیئن پریمیئرلیگ میں 6 وینیوز پر مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں 24 اگست کو ہوگا۔ دریں اثنا سی پی ایل کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی ٹیم بارباڈوس ٹرائی کو مصباح الحق کی ٹیم سینٹ لوشیا زوکس پر 11 رنز سے فتح دلادی۔زوکس کو فتح کیلیے 170 رنز کا ہدف ملا مگر پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز پرڈھیر ہوگئی، آندرے فلیچر نے 57اور کپتانی ڈیرن سیمی نے 35 رنز بنائے، پاکستانی ون ڈے کپتان مصباح الحق صرف 12 رنز تک محدود رہے، اس سے قبل فاتح ٹیم نے 5 وکٹ پر 169 رنز اسکور کیے، ڈیوائن اسمتھ (صفر) اور جوناتھن کارٹر (11) جلد آؤٹ ہوگئے، سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک نے اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے 51 بالز پر 78 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، بطور وکٹ کیپر بیٹسمین کھیلنے والے عمر اکمل پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، شلنگورڈ کی بال پر ڈیرن سیمی نے کیچ تھاما، کیرون پولارڈ 61 رنز پر ناقابل شکست رہے، انھوں نے 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔شعیب ملک کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

تبصرے بند ہیں.