پاکستانی نگاہیں ٹوئنٹی 20 کی ٹاپ ٹیم بننے پر مرکوز ہوگئیں، زمبابوے کے خلاف 2 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ سری لنکا سے فاصلہ کم کردے گا۔ کپتان محمد حفیظ بیٹنگ، بولنگ اور آل رائونڈرز میں ٹاپ 20 میں موجود ہیں، سعید اجمل کا دوسرا نمبر ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اس وقت ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود جبکہ ٹاپ پوزیشن سری لنکا کے پاس ہے، اگر گرین شرٹس جمعے اور ہفتے کو زمبابوے کیخلاف شیڈول دونوں میچز جیت لیتے ہیں تو پھر ان کے پوائنٹس کی تعداد 125 ہوجائے گی، اس طرح پاکستان اور آئی لینڈرز کے درمیان صرف تین پوائنٹس کا فرق باقی رہ جائے گا۔ دوسری جانب زمبابوے نے اگر ہمت کر کے اپ سیٹ فتوحات کی بدولت کلین سوئپ کیا تب اسے ایک ساتھ 16 ریٹنگ پوائنٹس حاصل ہوں گے اور وہ 12 سے گیارہویں نمبر پر آجائے گا۔دونوں ملکوں کے درمیان سیریز میں کھلاڑیوں کے لیے بھی اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہے، محمد حفیظ اس وقت آل رائونڈرز میں دوسرے نمبر پر ہیں، ٹاپ پوزیشن آسٹریلیا کے شین واٹسن کے پاس ہے، شاہد خان آفریدی کا پانچواں نمبر ہے۔ بولنگ میں حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں، اس فہرست میں سعید اجمل دوسرے جبکہ شاہد خان آفریدی 11ویں نمبر پر ہیں، ٹاپ بولر کا اعزاز ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن کے پاس ہے، سری لنکا کے اجنتھا مینڈس کا تیسرا نمبر ہے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور عبدالرزاق بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔ بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ 20 میں پاکستان کے صرف 2 بیٹسمین شامل ہیں، محمد حفیظ 17اور عمر اکمل 18 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹاپ پوزیشن پر نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم کا قبضہ ہے۔ ادھر زمبابوے کے 2 کھلاڑی ٹاپ 20 بیٹنگ اور بولنگ رینکنگ میں شامل ہیں، بیٹنگ میں ہیملٹن مساکیڈزا 14 اور بولنگ میں پراسپر اتسیا 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
تبصرے بند ہیں.