Latest National, International, Sports & Business News

ٹیسٹ کرکٹ کی ریکارڈ پارٹنر شپ کا اعزاز ، عظیم جے وردھنے کا ٹیسٹ کیریئر مکمل

سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردھنے نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کیریئر مکمل کر لیا اور نصف سنچریوں کی نصف سنچری بھی مکمل کر لی ہے۔ وہ اپنے ملک کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے میں سنگا کارا کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

کولمبو (ویب ڈیسک) کولمبو میں پاکستان کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے مہیلا جے وردھنے نے 54 رنز بنائے اور سعید اجمل کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی ان کا ٹیسٹ کیریئر بھی اختتام پذیر ہوا۔ سری لنکا کی ٹیم اس حوالے سے قدرے خوش قسمت رہی ہے کہ اسے کم از کم اچھے بیٹسمینوں کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ مدوگالے،رائے ڈیاس،دلیپ مینڈس، ویٹی منی،روشن ماہناما، اراوندا ڈی سلوا، رانا ٹنگا ، ہشان تلکرتنے،اتاپاتو،جے سوریا اورکالو ودھرنا جیسے عظیم بلے بازوں کے بعد اب مہلا جے وردھنے بھی ان کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔ یہ سری لنکن کرکٹ کی خوش قسمتی ہے کہ بیٹنگ کی شاندار روایت کو اروندا ڈی سلوا اور سنتھ جے سوریا سے منتقل کرنے کا وقت آیا تو اس کے پاس مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا جیسے باصلاحیت بیٹسمین موجود تھے جو ایک طویل عرصے سے ذمہ داری بخوبی نبھاتے رہے ہیں۔ مہیلا جے وردھنے نے 149 ٹیسٹ میچوں میں 11814 رنز تقریباً پچاس کی اوسط سے بنائے جن میں 34 سنچریاں اور پچاس نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بہترین سکور 374 رنز تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کی سب سے بڑی شراکت 624 رنز 2006 میں بنی جس میں جنوبی افریقی بولنگ کو مفلوج کر دیا اور ایسا کرنے والے جے وردھنے اور سنگاکارا ہی تھے۔ جے وردھنے نے374 رنز بنائے جو کسی سری لنکن کا بہترین اور کرکٹ ہسٹری کا چوتھا بہترین سکور ہے۔ جے وردھنے نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 1997 میں بھارت کے خلاف کولمبو میں ہی کھیلا تھا اور کولمبو کے اسی گراونڈ سنہالیز سپورٹس کلب میں ہی اپنا آخری میچ کھیلا۔ اس گراونڈ پر مہیلا نے 27 ٹیسٹ ٹیچ کھیلے اور ان میں 74.89 کی اوسط سے 2921 رنز بنائے۔ کسی بھی بین الاقوامی کرکٹر کے کسی بھی ایک مخصوص گراونڈ پر یہ سب سے زیادہ رنز ہیں۔ بلے بازی میں شاید ان کی واحد کمزوری غیر ملکی دورے رہے۔ سری لنکا میں کھیلتے ہوئے ان کی بیٹنگ اوسط 60 سے زیادہ تھی جبکہ غیر ملکی دوروں پر یہ گر کر 35 کے قریب پہنچ جاتی رہی ہے۔ مہیلا جے وردھنے ایک انتہائی کامیاب کپتان بھی رہے۔ ان کی قیادت میں سری لنکا نے ایک ورلڈ کپ فائنل بھی کھیلا۔ جے وردھنے نے اسی سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کی جیت پر مختصر دورانیے کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا اور اب وہ پانچ دن کی تھکا دینے والی کرکٹ سے رخصت ہو کر اپنی تمام تر توانائی آئندہ سال عالمی کپ کے لیے بچانا رہے ہیں۔ اس طرح اب حالیہ ٹیسٹ کے بعد لوگ جے وردھنے کو ٹیسٹ میچ میں نہیں دیکھ پائیں گے۔ –

تبصرے بند ہیں.