Latest National, International, Sports & Business News

بھارتی سورما پھر فلاپ ، ٹیم 94 پرڈھیر ، انگلینڈ نے سیریز تین ایک سے جیت لی

پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو ایک اننگز اور 244 رنز سے شکست دے کر سیریز تین ایک سے جیت لی ہے۔ بھارت کے بلے باز انگلش باولرز کی باونس اور سوئنگ ہوتی ہوئی گیند کا بالکل سامنا نہیں کرپائے۔

اوول (ویب ڈیسک) لندن کی تاریخی اوول گراونڈ میں تیسرے دن بھارت نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کے بلے باز انگلش باولروں کے سامنے بالکل سنبھل نہیں پائے اور 19 اووز کے بعد صرف 46 کے سکور پر بھارت کے پانچ بلے باز پویلین کا راستہ دیکھ چکے تھے۔ دوسری اننگز میں 94 کے سکور پر آوٹ ہونے والے بھارتی بلے بازوں کی ناکامی میں انگلش باولروں کی جارحانہ بولنگ کے علاوہ ان کی اپنی سنگین غلطیاں بھی شامل تھیں۔ کرس جورڈن نے اس اننگز میں 4 اور مجموعی طور پر میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیا ن جاری پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے بھارتی 148 کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 486 رنز کا سکور کیا۔ 92 ناٹ آوٹ پرجو روٹ نے بھارتی بولرز کے ساتھ کلب لیول کرکٹرز کی طرح کا سلوک کیا۔ روٹ 149 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ بھارت کی طرف سے ایشانت شرما نے 30 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ مین آف دی میچ کا اعزاز انگلینڈ کے جو روٹ کو دیا گیا جبکہ انگلش مین آف دی سیریز ٹرافی جیمز اینڈرسن نے حاصل کی۔ انھوں نے پانچ میچوں میں 20.2 رن کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی طرف سے بھونیشور کمار کو مین آف دی سیریز کا اعزاز ملا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی چار ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 25 اگست کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ –

تبصرے بند ہیں.