لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز عمر اکمل نے اپنی بیماری کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور پریس کانفرنس کرکے حقائق بیان کریں گے۔ علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر اكمل نے كہا ہے كہ مجھے کوئی انجری نہیں ہوئی، میں اپنی میڈیکل رپورٹ ساتھ لایا ہوں جس کے مطابق میں مکمل طور پر فٹ ہوں ، انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی بیماری کے حوالے سے غلط خبریں نہ چلائی جائیں کیونکہ اس سے ان کے خاندان والوں کو شدید پريشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عمر اکمل نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی بیماری کی خبریں پھیلائے جانے کے حوالے سے حقائق سامنے لاؤں گا۔ واضح رہے کہ عمر اکمل کا نام دورہ زمبابوے کی ٹیم میں بطور وکٹ کیپر بیٹسمین شامل تھا لیکن میڈیا پر ان کو مرگی کے دورے پڑنے کی خبروں کے بعد انہیں واپس بلوا کر ان کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.