لاہور: ماضی کی سپر پاورز اب ہاکی کھیلنا بھول گئیں، پاکستان اور بھارت کی ورلڈ کپ 2014 میں شرکت غیریقینی کا شکار ہے۔ 1971سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے تمام ایڈیشنز میں دونوں ٹیموں نے شرکت کی مگر اس بار ایک یا دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کھیلنے کے اعزاز سے محروم ہوسکتی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کوہالینڈ میں 31 مئی سے15جون2014 تک شیڈول 13 ویں میگا ایڈیشن میں ٹکٹ بک کرانے کیلیے ایشیا کپ ہر صورت جیتنا ہوگا۔ ورلڈ کپ 2014 کیلیے ہالینڈ میزبان کی حیثیت سے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا جبکہ آسٹریلیا، بیلجیئم، نیوزی لینڈ، جرمنی، ارجنٹائن اور انگلینڈ ورلڈ ہاکی لیگ کی ٹاپ ٹیمیں رہ کر براہ راست میگا ایونٹ کھیلنے کا اعزاز پا چکیں، پین امریکاکپ، ایشیا کپ اور یورو کپ کی فاتح ٹیم کو بھی براست ہالینڈ جانے کا موقع ملے گا۔ 4 بار کی ورلڈ چیمپئن پاکستانی ٹیم اگر ایشیا کپ نہ جیت سکی تو تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ ایشیائی سپر پاور براہ راست ورلڈ کپ نہیں کھیل پائے گی۔ خطے کے سب سے بڑے ایونٹ میں اس کا مقابلہ بھارت، ملائیشیا اور جنوبی کوریا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہونا ہے ، ایشیا کپ کا آغاز ہفتے سے ملائیشیا میں ہوگا، یکم ستمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں شریک8 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گرین شرٹس کو گروپ اے میں میزبان، جاپان اور چائنیز تائپے کے ساتھ رکھا گیا، بی میں بھارت، جنوبی کوریا، بنگلہ دیش اور اومان کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستان اور جنوبی کوریا کو 3،3 بار ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ بھارتی ٹیم2مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرچکی۔ پاکستان نے 1982 میں پہلے ایونٹ کی میزبانی کرتے ہوئے ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا، فائنل میں اس نے بھارت کو 4 گول سے شکست دی، دوسرا ایڈیشن ڈھاکا میں1985 میں کھیلا گیا، اس بار بھی گرین شرٹس نے فائنل میں روایتی حریف کو ٹھکانے لگاتے ہوئے ٹائٹل جیتا، 1989 کے تیسرے ایڈیشن میں بھی پاکستان نے فتح کے ساتھ ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ بعد ازاں پانچ ایونٹ میں ٹیم تین بار رنرز اپ رہی ، 2009 میں آخری بار ایشیا کپ کے فائنل میں گرین شرٹس کو جنوبی کوریا نے ایک گول سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم دنیا کا سب سے بڑا ہاکی ایونٹ 4 بار جیت چکی، وہ 1971 میں پہلے ایڈیشن کی چیمپئن بنی،1978 اور پھر 1982 میں ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔ آخری بار گرین شرٹس نے 1994 میں چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا مگر اب ٹیم آسان ٹورنامنٹس میں بھی کچھ نہیں کر پاتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.