وارداتیں مخصوص پیٹرن پر ہو رہی ہیں ، رینجرز اور خفیہ ایجنسیاں مجرموں کا سراغ لگائیں :آرمی چیف کا کور ہیڈکوارٹر میں خطاب
کراچی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ، حکومت اور عوام سے مل کر تمام مافیاز کا خاتمہ کریں گے ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ وارداتیں مخصوص پیٹرن پر ہو رہی ہیں ۔ رینجرز اور خفیہ ایجنسیاں منصوبہ بندی کرنے والوں کا سراغ لگائیں ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا ۔ کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز نے انہیں شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔ آرمی چیف نے کراچی آپریشن میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سے کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ہے ، آپریشن کے منطقی انجام تک مجرموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی ، حکومت او عوام کے ساتھ مل کر تمام مافیاز کا خاتمہ کریں گے ۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ وارداتیں نئے پیٹرن پر ہورہی ہیں ، ایسی وارداتیں سازش ہیں جسے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور رینجرز اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کریں اور مجرموں کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچائیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں امن ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ضروری ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے این اے 246 میں پر امن انتخابات پر رینجرز کے کردار کو سراہا ۔
تبصرے بند ہیں.