Latest National, International, Sports & Business News

تاحیات پابندی، کنیریا نے قانون کا دروازہ کھٹکھٹادیا

لیگ اسپنر دانش کنیریا نے فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کے خلاف قانون کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ انھوں نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی سزا کو انگلینڈ کی کمرشل کورٹ میں چیلنج کردیا، کیس کی کھلی سماعت کی بھی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق کائونٹی کرکٹ میں فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کا شکار ہونے والے دانش کنیریا نے انگلش بورڈ میں اپیلیں مسترد ہونے کے بعد اب قانونی جنگ شروع کردی ہے۔ 32 سالہ اسپنر کو گذشتہ برس جون میں ای سی بی کے ڈسپلنری پینل نے یہ سزا دی تھی ساتھ میں ایک لاکھ پائونڈ جرمانہ بھی کردیا تھا، اس کے خلاف اپیل رواں برس مسترد کردی گئی تھی جبکہ سزا اور جرمانے میں کمی کے خلاف اپیل کا بھی یہی نتیجہ نکلا۔ یو کے کی کمرشل کورٹ کاروباری تنازعات کا فیصلہ کرتی ہے۔کنیریا کا کہنا ہے کہ میں نے گذشتہ روز اپیل دائر کردی ہے، میں چاہتا ہوں کہ اس کی سماعت غیرجانبدار جیوری کرے اور اس کی کھلی سماعت ہونی چاہیے، میرے پاس چھپانے کیلیے کچھ نہیں اس لیے چاہتا ہوں کہ سب چیزوں کو سامنے لایا جائے، مجھے اس کیس میں کافی نقصان پہنچا ای سی بی نے میرے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ کنیریا پر الزام ہے کہ انھوں نے ایسکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں کو فکسنگ کی ترغیب دی اور اپنے ایک ساتھی میرون ویسٹفیلڈ کو اس میں پھنسایا، انہی کی گواہی پر دانش کنیریا کو یہ سزا دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ویسٹفیلڈ کی سزا 5 سال سے کم کرکے تین برس کی جاچکی ہے۔

تبصرے بند ہیں.