Latest National, International, Sports & Business News

ایران کی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش، دفاعی نظام ناکام، شہر شہر دھماکے، بجلی بند

تہران:ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کر دیا، 100 کے قریب بیلسٹک میزائل داغ دیے، وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی، حیفہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تازہ حملے میں کم از کم 8اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی ہو گئے جبکہ اب تک 25 اسرائیلی ہلاک اور 450 زخمی ہو چکے ہیں، اسی طرح ایران کے 224 شہری شہید ہو چکے ہیں۔اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے اعتراف کیا ہے کہ ایران پر حملے کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، موجودہ جنگ سے ایرانی خطرہ ختم نہیں ہو سکتا، ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران ہزاروں میزائل اسرائیل پر داغنا چاہتا ہے، ٹرمپ ہی ایران کو جوہری پروگرام ترک کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے بتایا ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں کے قریبی دھماکوں کے باعث معمولی نقصان پہنچا ہے اگرچہ میزائل سفارتخانے کی عمارت سے براہ راست نہیں ٹکرائے تاہم دھماکوں سے پیدا دھچکوں سے سفارتخانہ متاثر ہوا ہے۔ مائیک ہکبی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور فی الحال یروشلم اور تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند رکھے گئے ہیں۔اسرائیل اور ایران کی حکومتوں نے اپنے اپنے شہریوں کے لیے نئی احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہو جائیں، یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ لڑائی میں مزید تیزی آئے گی، رات بھر اسرائیل اور ایران ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے جس میں نقصانات کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع نے پھر دھمکی دی ہے کہ تہران میں رہنے والے جلد قیمت چکائیں گے جبکہ ایران نے اسرائیلی قابض افواج و آباد کاروں کو پیغام دیا ہے کہ وہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جائیں۔ایرانی میزائل اسرائیلی کے دفاعی نظام سے بچتے ہوئے شہروں کے اندر تک گئے اور کئی عمارتوں سے ٹکرائے، اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے، تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے۔اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شمالی اور وسطی اسرائیل میں میزائل اور ان کے ٹکڑے گرنے سے کم از کم 67 افراد زخمی ہو گئے۔

تبصرے بند ہیں.