Latest National, International, Sports & Business News

آئی سی سی کا ٹیموں کو اضافی ریویو دینے پر غور

میلبورن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈی آر ایس کو مزید بہتر بنانے کیلیے اقدامات پر غور شروع کردیا، ٹیموں کو اضافی ریویو دینے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ تیسرے ایشز ٹیسٹ میں تھرڈ امپائرز کو فوٹیج تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے 2 ہی میچز میں ڈی آر ایس کی ساکھ بُری طرح متاثر ہوگئی، خاص طور اسٹورٹ براڈ یقینی آؤٹ ہونے کے باوجود میدان بدر ہونے سے بچے جبکہ جوناتھن ٹروٹ کو تھرڈ امپائر نے غلط طور پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا۔ آئی سی سی کی جانب سے ڈی آر ایس کی خامیوں کو دور کرنے کیلیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ٹیموں کو اضافی ریفرل بھی دیے جانے کی تجویز زیر غور ہے، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ پہلے ہی ڈی آر ایس میں تبدیلی کیلیے رسمی بات چیت شروع ہو چکی، اس سلسلے میں ٹینس میں استعمال ہونے والے سسٹم کا بھی جائزہ لے رہے ہیں جس میں میچ اگر توقع سے زیادہ طول پکڑے تو پلیئرز کو اضافی چیلنج دے دیا جاتا ہے۔اسی طرح ٹیسٹ ٹیموں کو 80 اوورز بعد 2 اضافی ریویو دیے جاسکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈی آر ایس سسٹم کو ہم بہتر سے بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں، اگر ہم اس کے طریقہ استعمال میں کچھ بہتری کرسکے تو ضرور غور کریں گے، ستمبر اور اکتوبر میں آئی سی سی کی میٹنگز طے ہیں جس میں اس حوالے سے بات کی جائیگی، اس سسٹم کے حوالے سے کافی تنازعات سامنے آئے مگر ہم اسکے حامی ہیں، غلطی کا احتمال ہمیشہ رہتا ہے مگر ڈی آر ایس سے ہم زیادہ تر غلط فیصلوں کو درست کرسکتے ہیں۔ دریں اثنا جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں آزمائشی طور پر تھرڈ امپائر کو براہ راست فوٹیج تک رسائی حاصل ہوگی، انھیں نشریاتی ادارے کے پروڈیوسر کے ایڈٹ کردہ ری پلیز پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔

تبصرے بند ہیں.