Latest National, International, Sports & Business News

اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ

لندن: اجناس کی عالمی منڈیوں کو گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں کمی اور مصر میں پرتشدد واقعات نے متاثر کیا۔ مصر میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ سے تیل سپلائی بند ہونے کے خدشات پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، برینٹ کی قیمت 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی اکتوبر میں فراہمی کے لیے قیمت 110.01 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جو ہفتے کے آغاز پر 107.52 ڈالر فی بیرل تھی، نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی ستمبر میں فراہمی کے لیے قیمت ایک ہفتے میں 105.41 ڈالر سے بڑھ کر 107.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی، قیمتی دھاتوں کے حوالے سے ڈالر کی قدر میں کمی گزشتہ ہفتے اہم ثابت ہوئی جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 68 ڈالر کے اضافے کے باعث 1309 ڈالر سے بڑھ کر1377 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کے نرخ 20.31 ڈالر سے بڑھ کر 22.83 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے، اسی طرح لندن پلاٹینم اینڈ پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1492 ڈالر سے بڑھ کر 1524 ڈالر ہوگئی جبکہ پلاڈیم کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 23 ڈالر کا اضافہ ہوا۔اس اضافے کی بدولت پلاڈیم کی قیمت 739 ڈالر سے بڑھ کر 762 ڈالر فی اونس ہو گئی، بنیادی یا صنعتی دھاتوں میں سے بیشتر کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ ہوا، کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن میٹل مارکیٹ میں تابنے کی 3ماہ میں فراہمی کے لیے قیمت 7276 سے بڑھ کر 7381 ڈالر فی ٹن ہوگئی، ایلومینیم کی قیمت ہفتے کے اختتام پر 1927 ڈالر فی ٹن رہی جو ایک ہفتے قبل 1865.75 ڈالر فی ٹن رہی تھی۔ لیڈ کی قیمت 2174 ڈالر سے بڑھ کر 2234 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ٹین کی قیمت 21800ڈالر فی ٹن پر بند ہوئی جو ہفتے کے آغاز پر22140 ڈالر تھی، اس طرح ٹین کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 340 ڈالر فی ٹن کمی ہوئی، جست کی قیمت 1945ڈالر سے بڑھ کر 1991.5 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، ستمبر میں فراہمی کے لیے خام چینی کی قیمت ایک ہفتے میں 16.84 سینٹ سے بڑھ کر17.23 سینٹ فی پونڈ ہوگئی جبکہ سفید چینی کی قیمت 495.20 ڈالر سے بڑھ کر 507 ڈالر فی ٹن ہوگئی، مکئی کی قیمت دسمبر میں فراہمی کے لیے 4.53 ڈالر سے بڑھ کر 4.62 ڈالر فی بشل ہوگئی جبکہ گندم کی قیمت 6.47 ڈالر سے گھٹ کر 6.45 ڈالر فی بشل ہوگئی، گزشتہ ہفتے ربر کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

تبصرے بند ہیں.