Latest National, International, Sports & Business News

کیریبیئن لیگ: حفیظ کا آخری گیند پر چھکا، گیانا کامیاب

کیریبیئن پریمیئر لیگ میں اینٹیگا کیخلاف پاکستانی بیٹسمین محمد حفیظ نے سنسنی خیز مقابلے کی آخری گیند پر چھکا لگاکر گیانا کو فتح دلوادی۔ ٹیم کو اختتامی اوور میں فتح کیلیے 16 رنز درکار تھے، تاہم حفیظ کے پہلی گیند پر سنگل رن بنانے کی کوشش میں رام نریش سروان آؤٹ ہوکر میدان بدر ہوگئے، تجربہ کار بیٹسمین کے پویلین واپس ہوجانے کے بعد حفیظ نے ذمہ داری کا مکمل احساس کیا، دوسری گیند پر سنگل رن لے کر اسٹرائیک نئے آنیو الے سنیل نارائن کو ملی جنھوں نے تیسری گیند پر چھکا لگاکر ہدف 9 رنز کردیا، چوتھی گیند پر سنگل رن بننے پر حفیظ کو موقع ملا جنھوں نے زوردار سکسر لگاکر اختتامی گیند پر 2 رنز کا ہدف پایا۔ میچ کی آخری گیند پر سنگل رن بننے کی صورت پر مقابلہ سپراوور میں جاسکتا تھا لیکن پاکستانی اوپنر نے اس کی نوبت نہیں آنے دی اور چھکا جڑتے ہوئے ٹیم کو 5 وکٹ سے فتح دلوادی، حفیظ نے 23 گیندوں پر 2 چوکوں اور 4 سکسرز کی مدد سے 50 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔اس سے قبل انھوں نے چوتھی وکٹ کے لیے جیمز فرینکلن کے ہمراہ 48 رنز کی شراکت بنائی، فرینکلن 25 کی اننگز کھیلنے کے بعد رکی پونٹنگ کے براہ راست تھرو کے وکٹ پر لگنے سے آؤٹ ہوئے،گیون ٹونگ کو 3 وکٹیں ملیں، اس سے قبل ناکام سائیڈ اینٹیگا نے 6 وکٹ پر 166 رنز بنائے، کیرن پاول 47 اور مارلون سموئلز 43 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کرشمار سینٹوکی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری جانب جمیکا نے بارباڈوس کو 6 وکٹ سے ہرادیا، بارباڈوس نے 4 وکٹ پر 113 رنز جوڑے، ڈیوائن اسمتھ 52 اور شعیب ملک 14 رنز بناکر نمایاںرہے،مرلی دھرن نے 12 رنز کے عوض3 شکار کیے، جمیکا نے ہدف 18.1 اوورز میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، اوپنر احمد شہزاد 28 رنز بناکر نمایاں رہے، کرس گیل صرف 5 رنز بنا پائے۔

تبصرے بند ہیں.