زمبابوین فاسٹ بولر کائیل جارویس نے بہتر مستقبل پر انٹرنیشنل کیریئر قربان کردیا، پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا، کاؤنٹی اور ٹوئنٹی لیگز سے دولت کمائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کی آمد سے قبل ہی زمبابوین کرکٹ کو اپنے فاسٹ بولر کائیل جارویس کی اچانک ریٹائرمنٹ نے ہلا کر رکھ دیا، انھوں نے بہتر مستقبل کی خاطر انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے دوبارہ زمبابوے کی نمائندگی نہ کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔ جارویس نے اپنے بیان میں کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران مجھے چند مواقع حاصل ہوئے مگر میں نے یہ حتمی فیصلہ ایک ہفتہ قبل اس وقت کیا جب معاوضوں کا معاملہ سامنے آیا، میں نے سوچا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو چھوڑنے کا یہی مناسب وقت ہے، میں کاؤنٹی اور گلوبل ٹوئنٹی 20 کیریئر شروع کرنے کی خاطر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں۔مجھ میں کچھ ٹیموں کو دلچسپی تھی مگر میں نے اور میرے منیجر نے ایک ٹاپ انگلش کاؤنٹی کے ساتھ تین برس کے معاہدے پر رضامندی ظاہر کی ہے، میں امید کرتا ہوں کہ شائقین اور عوام میرے زمبابوین کرکٹ کو چھوڑنے کے فیصلے کو سمجھیں گے،میرے اس فیصلے کی بڑی وجہ صرف جاب سیکیورٹی ہے، میں نے گذشتہ روز اس بارے میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو آگاہ کیا انھوں نے مجھے سپورٹ کیا، وہ سمجھتے ہیں کہ میں یہ کیوں کررہا ہوں، اس کے بعد میں نے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی اور انھیں اپنی پوزیشن سے آگاہ کیا اور پھر ہم دونوں خوشگوار انداز میں الگ ہوگئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ زمبابوے ہمیشہ میرا گھر رہے گا۔ میں پاکستان کے خلاف سیریز میں اپنی ٹیم کی کامیابی کیلیے دعاگو ہوں۔ 24 سالہ جارویس نے 8 ٹیسٹ میچز میں 31.73 کی اوسط سے 30 وکٹیں لیں، ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی وکٹوں کی تعداد 24 ہے جبکہ انھوں نے 9 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ جارویس کی ریٹائرمنٹ سے زمبابوے کو پاکستان سے سیریز میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، سینئر فاسٹ بولر کرس ایم پوفو فٹ نہیں ہیں، اس لیے بولنگ کی ذمہ داری برین ویٹوری، ٹینڈائی چتارا اور مائیکل چھنویا پر ہوگی۔