کراچی: گورنراسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے مقامی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی بڑھنے کا امکان ہے نہ آنیوالے دنوں میں کوئی بڑا بحران نظرآرہا ہے لہٰذا معیشت کی اوسطاً 4 فیصد نموکا تسلسل جاری رہے گا جوگزشتہ 2 سال سے برقرار ہے۔
پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے دوران اراکین، سرمایہ کاروں، بروکریج ہاؤسز کے نمائندوں اور بینکوں کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی بڑے خطرات سامنے نہیں جو بلند نمو، زیادہ روزگار کی تخلیق اور ترقی کی راہ پرمزید آگے بڑھنے کی مشترکہ مقصد کی تکمیل کی کوششوں کو ناکام بنا سکیں۔ کم ترین شرح سود، امن وامان اور توانائی کی فراہمی میں نمایاں بہتری کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کے تناظر میں نئے پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کیلیے بہت موزوں وقت ہے، کارپوریٹ سیکٹر میں وسیع پیمانے پر فاضل سرمایہ موجود ہے، گزشتہ 2سال میں پاکستانی معیشت نے نمایاں بہتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے4 فیصد کی شرح سے ترقی کی جبکہ اس سے پہلے 5 سال میں شرح نمو اوسطاً 2.8 فیصدتھی، گزشتہ 2 سال میں معاشی استحکام رکھتے ہوئے ناگزیر عوامی اخراجات پرسمجھوتہ کیے بغیر بجٹ خسارہ قابو میں رکھاگیااور پہلی بار زرمبادلہ ذخائر20 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.