اسلام آباد: صدر ممنون حسین کا کہنا ہے کہ عرض پاک کی طرف اٹھنے والی کوئی میلی آنکھ سلامت نہیں رہ سکے گی۔
یوم پاکستان کی مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہو رہی ہے جس میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہان، چیرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ پریڈ کا آغاز شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد صدر پاکستان ممنون حسین نے یوم پاکستان میں شریک مسلح افواج کے جوانوں کے دستوں کا معائنہ کیا اور انھیں یوم پاکستان کی مبارکباد بھی دی۔
صدر ممنون حسین کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کے جری جوانوں کا حوصلہ اور آلات حرب کی نمائش آج کی پریڈ کی روح ہے جس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ افواج پاکستان پیشہ ورانہ اہلیت میں کسی سے کم نہیں اور دفاع وطن کے لئے ان کے جذبے پہاڑوں سے بھی بلند ہیں، یہ بانیان پاکستان کا آہنی عزم اورقوم کا بے مثال جذبہ تھا کہ جس کی قوت سے محض ایک قرارداد خیال سے حقیقت میں تبدیل ہوئی۔ مملکت خداداد پاکستان کا قیام عمل میں آیا اور بے سرو سامانی کے عالم میں سفر شروع کرنے والا یہ ملک اقوام عالم میں اپنی حیثیت تسلیم کرانے میں کامیاب ہوا۔
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.