مصری فوج کے سابق سربراہ عبدالفتاح السیسی نے عہدہ صدارت کے لئے حلف اٹھا لیا ہے۔
قاہرہ: (ویب ڈیسک) عبدالفتاح السیسی نے سپریم کورٹ میں ججوں کے سامنے 4 سالہ مدت کے لئے عہدہ صدرات کا حلف اٹھایا۔ تقریب حلف برداری کے بعد بعد انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ عبدالفتاح السیسی اور عبوری صدر عدلی منصور اقتدار کی باقاعدہ منتقلی کے لیے ایک دستاویز پر دستخط بھی کریں گے۔ مصری صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملکی تاریخ میں اقتدار کی منتقلی کے لیے یہ پہلی دستاویز ہو گی۔ عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ ماہ مئی کو منعقد ہونے والے انتخابات میں 97 فیصد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کے واحد مد مقابل بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے حمدین صباحی تھے۔ مصری الیکشن کمیشن کے مطابق ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 47.5 فیصد رہی تھی۔ سابق صدر محمد مُرسی کی حامی جماعت اخوان المسلمون نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اخوان المسلمون کے حامیوں کی جانب سے حملوں کے خطرات کے پیش نظر حلف برداری کی تقریب کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر دارالحکومت قاہرہ کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے –
تبصرے بند ہیں.