Latest National, International, Sports & Business News

اگست کے آخری 2 ہفتوں کیلیے کریانہ آئٹمز کی قیمتوں کا تعین کردیا گیا

رواں ماہ کے آخری2 ہفتوں کے لیے کریانہ آئٹمز کی سرکاری قیمتوں کا تعین کردیا گیا ہے۔ کریانہ آئٹمز کی لسٹ میں شامل 22 آئٹمز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے جبکہ چاول، مصالحہ جات، گھی تیل چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھا گیا ہے، صارفین کو سرکاری نرخ پر معیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرائس چیکنگ کے دوران باٹ ترازو کے ساتھ اشیا کا معیار بھی چیک کیا جائے گا، یہ فیصلہ ایڈیشنل کمشنر (ٹو)حاجی احمد کی صدارت میں گزشتہ روز پرائس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کراچی ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انیس مجید سمیت جوڑیا بازار کے تاجروں کے وفد، کراچی ریٹیل گراسرز گروپ کے فاروق میمن، کنزیومر رائٹس کونسل کے چیئرمین مرزا شکیل بیگ، کنزیومر رائٹس کونسل(سی آرسی) کے نمائندے جنید احمد اور محکمہ بیوروآف سپلائی اینڈ پرائسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان کے دوران تھوک سطح پر قیمتوں میں کمی اور سرکاری قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے لیے تھوک اور خوردہ فروشوں کے تعاون کو سراہا گیا، اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ٹو حاجی احمد نے تاجروں پر زور دیا کہ تھوک اور خوردہ دکانوں پر سرکاری پرائس لسٹ کو ہر صورت آویزاں کیا جائے،اجلاس میں شریک کنزیومر رائٹس کونسل کے چیئرمین مرزا شکیل احمد بیگ نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کمشنر کراچی شعیب صدیقی اور ایڈیشنل کمشنر کراچی حاجی احمد کی کوششوں کو سراہا۔اجلاس میں ماش دھلی درجہ اول کی تھوک قیمت 95 روپے سے کم کرکے 88روپے، ماش دھلی درجہ دوم کی قیمت 90سے کم کرکے 84روپے، ماش چھلکا کالی دال کی قیمت 83سے کم کرکے 78روپے، ماش ثابت کی قیمت 83سے کم کرکے 78روپے، مونگ دھلی درجہ اول کی قیمت 112سے کم کرکے 105روپے، مونگ دوم کی قیمت 105سے کم کرکے 95روپے، مونگ چھلکا اور ثابت مونگ کی قیمت 92روپے سے کم کرکے 85روپے، مسور کی دال درجہ اول کی قیمت 92سے کم کرکے 88روپے، مسور درجہ دوم کی قیمت 89سے کم کرکے 84، مسور ثابت درجہ اول کی قیمت 80سے کم کرکے 75روپے، مسور ثابت دوم کی قیمت 74سے کم کرکے 70روپے، دال چنا درجہ اول کی قیمت 54سے کم کرکے 50روپے، کالا چنا 53سے کم کرکے 49 مقرر کردی گئی ۔

Comments

comments

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.