کراچی: آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی چوری کے خلاف حکومت کی مہم میں گیس کمپنیاں نا اہلی اور نقصانات چھپانے کے لیے بے گناہوں کوپھانس رہی ہیں۔ بڑے چوروں کو بچانے کے لیے انتظامیہ اور اوگرا کو گمراہ کرنے کا سلسلہ جار ی ہے۔ گیس کمپنیاں خود ہی میٹر لگاتی ہیں، انکا عملہ ہی میٹر ریڈنگ کرتا ہے اوراسکے ٹھیک یا غلط ہونے اور کاروائی کا فیصلہ بھی خود کرتے ہیں یعنی کہ گیس کمپنیاں جج، جیوری اور پراسیکیوٹر کا کردار خود ادا کر رہی ہیں جس پر تحفظات ہیں۔ وزارت پٹرولیم اس سلسلے کو روکتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنائے۔غیاث پراچہ کے مطابق گیس کمپنیاں اپنے مفادات کے حصول کے لیے اس مہم کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہیں، مہم کے دوران گیس کمپنیاں توانائی بحران کے ذمے داربڑے گیس چوروں کو پکڑنے کے بجائے خانہ پری کر رہی ہیں اور بے گناہوں کے خلاف کارروائیاں کر کے اپنی نا اہلی چھپانے اور نقصانات کم کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ چوری کی آمدنی میں بھی کمی نہ آئے اور سالانہ منافع میں بھی اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ گیس میٹرز کی چیکنگ تھرڈ پارٹی سے کروائی جائے اور سارا عمل قانون کے مطابق سرانجام دیا جائے۔
تبصرے بند ہیں.