Latest National, International, Sports & Business News

فتح جنگ خودکش حملے میں شہید ہونیوالے کرنل ظاہر شاہ اور کرنل ارشد سپرد خاک

فتح جنگ خودکش حملے میں شہید کرنل ظاہر شاہ اور کرنل ارشد کو پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، علاقے میں فضا سوگوار ہے۔

جڑانوالہ / سوڑیزائی: () گزشتہ روز راولپنڈی کے قریب فتح جنگ میں ہونے والے خودکش حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے کرنل ظاہر شاہ کی نماز جنازہ سوڑیزائی کے علاقے میں ادا کی گئی۔ علاقے کی فضا سوگوار ہے جبکہ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پی اے ایف روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں فوجی افسروں کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کو پرنم آنکھوں اور پوری فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ دوسری طرف کرنل ارشد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے جڑانوالہ میں ادا کی گئی۔ کرنل ارشد کی نماز جنازہ میں سوگوار فضا میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ اس سے پہلے دونوں شہداء کی نماز جنازہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں بھی ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت اعلیٰ فوجی افسروں اور جوانوں نے شرکت کی جس کے بعد شہداء کے جسد خاکی اُن کے آبائی علاقے پشاور اور جڑانوالہ پہنچا دی گئیں۔ –

تبصرے بند ہیں.