شرح سود میں کمی کے بعد مرکزی بینک انٹرسٹ ریٹ کوریڈور کے ٹارگٹ ریٹ کا اعلان بھی کرے گا
اسلام آباد () سٹیٹ بینک آف پاکستان رواں مالی سال کے آخری دو ماہ کے لئے زری پالیسی بیان آج جاری کرے گا ۔ شرح سود میں کمی اور انٹرسٹ ریٹ کوریڈور کے انتظام میں تبدیلی کا امکان ہے ۔ مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی سے مالیاتی شعبے نے شرح سود میں پچاس بیسز پوائنٹس کمی کی توقعات پہلے ہی باندھ لی تھی اس پر زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور بیرونی خسارے میں کمی نے ان توقعات کو تقریبا حقیقی بنا دیا ہے ۔ شرح سود میں کمی سے پالیسی ریٹ دس سال کی کم ترین سطح پر آجائے گی ۔ مرکزی بینک رواں سال شرح سود میں دو فیصد کمی کرچکا ہے ۔ شرح سود میں کمی کے ساتھ توقع ہے کہ مرکزی بینک انٹرسٹ ریٹ کوریڈور کے ٹارگٹ ریٹ کا اعلان بھی کرے گا ۔ مرکزی بینک نے فروری اجلاس میں کوریڈور کے انتظام میں تبدیلی کے اشارے دیئے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق مانیٹری پالیسی ایڈوائزری بورڈ نے جمعے کے روز اجلاس میں تجاویز مرتب کر کے پالیسی بورڈ کو ارسال کردی ہیںَ جس پر فیصلہ آج زری پالیسی اجلاس کے دوران ہوگا ۔ پالیسی بیان پریس ریلیز کے ذریعے آج شام کو جاری کیا جائے گا ۔
تبصرے بند ہیں.