Latest National, International, Sports & Business News

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل: دوسرے روز کا سیشن شروع، کالی آندھی کی بگ تھری کی حمایت

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے دو روزہ اجلاس کے دوسرے روز کا سیشن شروع ہو گیا ہے۔ اہم اجلاس کے پہلے روز آئی سی سی نے ایک اختیاراتی کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے حاصل کر لیا۔ ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بگ تھری کے فارمولے کی حمایت کی تصدیق کر دی ہے۔

دبئی:( آئی سی سی کے اہم اجلاس کے پہلے روز مجوزہ تبدیلیوں کے مسودے پر غور کیا گیا جس کی کئی رکن ملکوں کی طرف سے زبردست مخالفت کی گئی۔ ان تبدیلیوں میں تین بڑے ملکوں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو وسیع انتظامی اور مالی اختیارات دینے کی تجاویز شامل تھیں۔آئی سی سی پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں کئی تجاویز کو یکسر رد کر دیا گیا ہے لیکن کچھ میں رد و بدل کے ساتھ اتفاق رائے حاصل کر لیا گیا ہے۔ جن اصلاحات یا تبدیلیوں پر اتفاق رائِے ہوا ہے انھیں فروری میں ہونے والے اجلاس میں رائے شماری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں جن تجاویز کے حق رائے دی گئی ان میں ایک ٹیسٹ کرکٹ فنڈ بنانے کی تجویز شامل تھی جسے بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے علاوہ تمام ملکوں میں برابری پر تقسیم کیا جائے گا تاکہ ان ملکوں میں کرکٹ کو فروغ دیا جا سکے۔ مستقبل میں ٹور پروگرام باہمی طور پر طے کیے جائیں گے اور متعلقہ ممالک ان پروگراموں پر عمل کرنے کے قانونی طور پر پابند ہوں گے۔ بگ تھری نے مجوزہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جگہ 2017 ء اور 2021ء میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کی بھی تجویز دی تھی آئی سی سی نے یہ بات بھی مان لی۔ آئی سی سی میں مضبوط قیادت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ بڑے ملک زیادہ موثر کردار ادا کریں اور اس میں بی سی سی آئی قائدانہ ذمہ داریاں اٹھائے۔ آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک نے کہا کہ یہ دنیائے کرکٹ کے لیے بہت اہم وقت ہے کہ آئی سی سی بورڈ نے دیرپا اہمیت کے حامل اصولوں پر اتفاق رائے حاصل کر لیا ہے جو آنے والوں برسوں میں کرکٹ کے عالمی سطح پر فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بگ تھری پر مبنی ایگزیکٹو کمیٹی کی حمایت کر دی ہے۔ ویسٹ انڈین بورڈ کی پریس ریلیز کے مطابق ان کی آمدنی میں سو فیصد اضافے کا امکان ہے۔ بورڈ غیر منافع بخش ٹیموں سے سیریز کی میزبانی کا پابند بھی نہیں ہوگا جبکہ بورڈ آئی سی سی کے اہم عہدوں پر تقرریاں حاصل کرنے کا بھی حقدار ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.