رینکنگ میں آسٹریلیا نمبر ایک پوزیشن پر آ گیا

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت مسلسل دوسرے میچ میں شکست کے باعت آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون سے دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ کوہلی اور کپتان دھونی کی تمام تر کوششیں بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے نہ بچا سکیں۔ بھارت کی اس شکست سے ایک روزہ میچوں کی آئی سی سی ورلڈ رینکنگ میں آسٹریلیا نمبر ایک پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسری طرف بھارت جنوبی افریقہ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شکست کے بعد اب نیوزی لینڈ میں بھی مسلسل شکست سے دوچار ہے۔ ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کےخلاف بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 272 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن بھارت کو ہدف حاصل کرنے میں ابھی 11 رن چاہیے تھے اور تین گیندیں باقی تھیں جب بارش نے آ لیا اور میچ ختم کر دیا گیا۔ اُس وقت بھارت کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے اور محمد شامی اور ایشانت شرما کریز پر تھے۔ بھارت کے اوپنر شیکھر دھون اور روہت شرما بھارت کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ شیکھر دھون 21 اور روہت شرما 20 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو ساؤدی نے آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے اپنی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل اور اینڈریسن 44، 44 اور ٹیلر 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

 

تبصرے بند ہیں.