رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستان مخالف قرارداد منظور کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پی ٹی آئی 2 سال تک امریکہ مخالف جھوٹا بیانیہ پیش کرتی رہی ہے ۔اسلام آباد میں لیگی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ کل شائستہ نے ایوان میں ایک قرارداد پیش کی ، ایک جماعت نے قرارداد کی مخالفت کی، اس جماعت کا امریکی قرارداد پر شور شرابا قابل افسوس عمل تھا، ایک جماعت نے ہمیشہ وقت کیساتھ اپنا بیانیہ بدلا، یہ وہ جماعت ہے جو امپورٹڈ حکومت نامنظور کا بیانیہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ڈیجیٹل دہشت گردی پراتری ہوئی ہے، تحریک انصاف نے لابنگ اور پی آر فرمز ہائر کیں، ایک مخصوص جماعت قوم کی آنکھ میں دھول جھونکتی رہی ہے ۔ لیگی رہنما نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کی حفاظت ہر پاکستان کا فرض ہے، کوئی پاکستانی ملکی سالمیت ،آزادی پر آنچ نہیں آنے دےگا۔اس موقع پر لیگی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی ملک سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے، ہم امریکا سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، نہیں چاہتے کہ امریکا ہماری خودمختاری میں مداخلت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کررہی، ہم چاہتے ہیں ملک آگے بڑھے، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی ،اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی جانب سے قرارداد کی مخالفت اور ایوان میں شدید نعرے بازی کی گئی۔یاد رہے کہ 26 جون کو امریکا کے ایوان نمائندگان نے 8 فروری 2024 کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کے بعد ہیر پھیر کے دعوؤں کی غیر جانبدار تحقیقات کے حق میں قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے ملک کے جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت پر زور دیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.