سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کل تاریخی عوام دوست اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔لاہور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ کیش بیک بجٹ ہے، یہ پچھلے ادوار کی طرح نہیں ہے، وزیراعظم نے 12 تاریخ کو وفاق میں بجٹ پیش کیا، کل وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ بجٹ کی صورت میں ایک پالیسی اسٹیٹمنٹ دی گئی،مشکل فیصلے لے کر عوام اور معیشت کو استحکام دینا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز دن رات محنت کر کے معیشت کی سمت درست کر رہی ہیں، ہم نے ایسا کوئی کام نہیں کیا کہ پچھلی حکومتوں کی تختیاں اتار کر اپنی لگائی جائیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈیڈ سکیم بہت سالوں سے چلتی آ رہی تھیں، بجٹ میں صحت اور تعلیم کو ترجیح دی گئی ہے، کلینک آن وہیلز سے 6 لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوئے، فیلڈ ہسپتالوں سے بھی ہزاروں لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے، بیسک ہیلتھ یونٹس اور صحت کی دیگر سہولیات کی مکمل تعمیر نو بھی اس بجٹ میں شامل ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تعلیم میں پہلی بار ٹیچر ٹریننگ، تعلیمی کوالٹی پر انحصار زیادہ ہے، تعلیم کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی پارٹنر شپ سے ایک منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے، کسان کارڈ بلاسود قرض سکیم شروع کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈویلپمنٹ سائیڈ پر ٹریکٹر کے اوپر ایڈوانس مشینری کیلئے بجٹ میں پیسے رکھے ہیں، سولر ٹیکنالوجی میں بھی ڈویلپمنٹ سائیڈ پر بجٹ رکھا گیا ہے، تمام صوبوں میں بلاتفریق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا اینڈ ٹو اینڈ منصوبہ لایا جا رہا ہے، بجٹ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے 120بلین رکھے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.