امریکی ریاست الاسکا میں طیارہ دوران پرواز آگ لگنے کے بعد گر گیا،10 افراد ہلاک

جینیو: امریکی ریاست الاسکا میں مسافر طیارہ دوران پرواز آگ لگنے کے بعد گر کر تباہ ہونے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر طیارے میں عملے سمیت 10 افراد سوار تھے، ٹیک آف کے فوری بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور وہ گر کر تباہ ہوگیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ ریسکیو حکام فوری کارروائی کے باوجود طیارے میں موجود کسی بھی شخص کی جان بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ امریکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے سربراہ کلائنٹ جانسن کا کہنا ہے کہ طیارے کو پیش آنے والے اس بھیانک حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم ماہرین کی ٹیم جائے حادثہ پر بھیج دی گئی ہے جو اس طیارے کے حادثے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قبل سان فرانسسکو ایئرپورٹ پر بھی ایک مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 181 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.