میرپور: ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے انتہائی اہم میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا جب کہ بنگلہ دیش نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں وہ بھارت سے مقابلہ کرے گا۔
میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا ٹی ٹوئںٹی کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز اسکور کیےجو بنگلا دیش نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا، تمیم نے پہلے ہی اوور میں محمد عامر کو چھکا رسید کرکے اپنے ارادے ظاہر کیے لیکن دوسرے ہی اوور میں عرفان نے انہیں 7 رنز پر پویلین بھیج دیا جس کے بعد سومیا نے شبیر رحمان کے ساتھ ملکر 33 رنز کی شراکت داری قائم کی، شبیر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سومیا نے مشفق الرحیم کے ساتھ ملکر 37 رنز بنائے، سومیا 48 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ مشفق الرحیم 12 رنز ہی بناسکے۔ شکیب الحسن کو 8 رنز پر محمد عامر نے بولڈ کیا تو انہوں نے غصے سے وکٹوں پر بلا مار دیا تاہم بعد میں انہوں نے امپائر سے معذرت بھی کی۔ بنگلہ دیش کو 2 اوورز میں 18 رنز درکار تھے، سمیع نے19ویں اوور میں 2 نوبال کرواکر نہ صرف وکٹ حاصل کرنے کا موقع گنوایا بلکہ اوور میں 15 رنز دے کر بنگلہ دیش کے لیے فتح کا راستہ ہموار کیا، محمد اللہ نے چھکا مارکر بنگلہ دیش کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ وہ 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
تبصرے بند ہیں.