نئی دہلی: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں چھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود آئی پی ایل کے فائنل میں پندرہ سو کروڑ کا سٹہ لگ گیا۔ آئی پی ایل کے سیزن چھ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل بھارتی کرکٹ بورڈ کے گلے میں ہڈی کی طرح پھنس گیا ہے جو بورڈ حکام سے نہ تو نگلا جارہا ہے اور نہ ہی وہ اسے اگل پارہے ہیں۔ اسکینڈل نے پورے ایونٹ کو داغدار اور متازعہ بنادیا ہے۔ روزانہ مختلف شہروں میں پولیس کے چھاپوں اور گرفتاریوں سے بظاہرایسا محسوس ہورہا ہے کہ پورے بھارت کی پولیس اس اسکینڈل کی تفتیش میں ہی لگ گئی ہے اور اسپاٹ فکسنگ کی جڑ کو آئی پی ایل سیزن چھ کے اختتام کے ساتھ ہی اکھاڑپھینکے گی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کے مختلف شہروں میں چھاپوں کے باوجود بکیز بنا کسی خوف کے کالا دھن بنانے میں مصروف ہیں اوراتوار کے روز آئی پی ایل چھ کے فائنل میں اب تک پندرہ سو کروڑ کا سٹہ لگایا جاچکا ہے۔
تبصرے بند ہیں.