کنڑول لائن آر پار تجارت ایک بار پھر معطل

بھارتی حکام نے آزاد کشمیر سے جانے والے 49 ٹرک روک لیے۔ تفصیلات تعظیم یاسین کی اس رپورٹ میں۔

مظفرآباد:() سرینگر لائن آف کنٹرول کے آر پار تجارت ایک بار پھر اس وقت تعطل کا شکار ہو گئی جب مقبوضہ کشمیر حکام کی طرف سے جمعرات کو جانے والے 49 ٹرک یہ الزام لگا کر سامان سمیت مقبوضہ کشمیر میں روک لیے کہ آزاد کشمیر سے آنے والے ایک ٹرک سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔ جس کے جواب میں آزاد کشمیر حکام نے بھی بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے آنے والے 27 ٹرکوں آزاد کشمیر میں روک دیا ہے۔ آزاد کشمیر ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے ڈی جی برگیڈئرر اسماعیل نے ٹرک سے منشیات برآمد ہونے کے الزم کو بھارتی حکام کی طرف سے تجارت بند کرنے کی ایک سازش قرار دیا ہے۔ برگیڈئرر اسماعیل کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے مبینہ طور پر برآمد ہونے والا مشکوک مواد بھی تحقیقات کے لیے آزاد کشمیر حکام کے حوالے کرنے سے انکار کیا ہے جس سے واضع ہوتا یہ تجارت بند کرنے کا بھارتی حکام کا یہ خود ساختہ منصوبہ ہے۔ دوسری طرف تاجروں نے تجارت کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت بحال کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات نہ کیے گئے تو ان کے کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ بھارتی حکام کی طرف سے اس طرح کے الزمات اور مختلف بہانے بنا کر اس سے قبل بھی کئی مرتبہ تجارت بند کی جا چکی ہے جسے مذاکرات کے بعد بحال کیا جاتا رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.