کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کو ٹیلی فون کرکے پولنگ میں تاخیر سے آگاہ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے مینڈیت پر شب خون مارا جارہا ہے۔ ایک سو انیس پولنگ اسٹیشنوں پر ساڑھے گیارہ بجے کے بعد پولنگ شروع کی گئی۔متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بعض پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز نہیں پہنچے جس پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے چیف الیکشن کمشنر کو ٹیلی فون کیا اور انہیں پولنگ میں تاخیر سے آگاہ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات جلد دور کردی جائیں گی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی شکایات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب پارٹی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری سے بوگس ووٹنگ کی شکایات مل رہی ہیں اور پارٹی کے مینڈیٹ کو ہائی جیک کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ موجود ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول کا کہنا تھا کہ وہ لیاری میں قومی اسمبلی کے حلقہ دو سو اڑتالیس سے امیدوار ہیں تاہم لیاری گینگ وار کے لوگوں نے پورے ٹائون کو یرغمال بنارکھا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس کا عملہ چیکنگ کے نام پر پولنگ کا عمل متاثر کررہا ہے جہاں ایم کیو ایم کی اکثریت ہے وہاں سے شکایات مل رہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.