پولنگ کے دوران امیدواروں کے حامیوں میں تصادم اورفائرنگ، 9افراد جاں بحق،کئی زخمی
ملک بھر میں پولنگ کے دوران لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے، فریقین کے درمیان تصادم کے باعث مختلف علاقوں میں پولنگ کا عمل بھی متاثر ہوا۔ پولنگ کے دوران دو گروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ رینالہ خورد میں این اے 145 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے،لاہور میں پی پی 156میں جعلی ووٹ ڈالنے والا ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک خاتون فرار ہوگئیں۔ لاہور ہی میں پولنگ کے دوران دھاندلیوں کے الزام پر فوج کے اہلکاروں نے مسلم لیگ (ن) کے امیداوار خواجہ سعد رفیق کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا، این اے 101 گوجرانوالہ کے پولنگ اسٹیشن رکھ کلاں میں 2 گروپوں میں تصادم میں 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ این اے 98 میں فائرنگ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتارکرلیا گیا، این اے 100 نوشہرہ ورکاں میں پولنگ اسٹیشن مدن چک میں 2 گروپوں میں جھگڑے کےبعد پولنگ بندکردی گئی، راجن پور کے حلقہ پی پی 247 میں دھاندلی کے الزامات پر پولنگ روک دی گئی۔فیصل آباد میں پولنگ اسٹیشن نمبر 28 میں جعلی ووٹ ڈالنے کی شکایات، پولنگ بند کردی گئی۔ لاہور میں آر بلاک کے پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپر ختم ، پولنگ رک گئی۔ نواب شاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا ۔ ٹنڈوالہٰ یار کے تعلقہ چمبڑ میں پولنگ اسٹیشن میں پی پی پی اورمسلم لیگ(ن)کے پولنگ ایجنٹس کےدرمیان تلخ کلامی کے بعد پولنگ روک دی گئی۔کندھ کوٹ کے حلقہ پی ایس 16، 17 کی کئی پولنگ اسٹیشنوں پر جھگڑوں ميں 11 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، سکھر کے قریب باگڑجی میں پی ایس 2 کے 2 پولنگ اسٹیشنوں پر دو گروپوں ميں تصادم اور پتھراؤ کے باعث پولنگ کا عمل بند کردیا گیا۔ نوشہرو فیروز کے امیدواروں کے حمایتی پولنگ بوتھ ميں گھس گئے جس کے باعث پریزائیڈنگ افسر نے پولنگ کا عمل بند کروادیا۔ خیرپور کے پولنگ اسٹیشن نور بوزدار ميں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں ميں جھگڑے سے 15 افراد زخمی ہوگئے۔ شکارپور کے حلقہ پی ایس 12 کے پولنگ اسٹیشن شبیرآباد میں نامعلوم افراد نے پیپلز پارٹی کے صوبائی امیدوار بابل بھیو اور میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کیا جس کے باعث بابل بھیو سمیت 4 صحافی زخمی ہوگئے۔پی ایس 32خیر پور کی ملیرپاتو پولنگ اسٹیشن پر دو گروپوں میں جھگڑے میں 15 افراد زخمی ہوگئے، روہڑی کے حلقہ این اے 199 فقیر آباد پولنگ اسٹیشن میں جھگڑا پونے کے بعد پولنگ روک دی گئی۔ بدین میں گورنمنٹ ہائی اسکول کھڈارو میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، ٹھٹھہ میں پی ایس 88 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اویس مظفر ٹپی کی گاری پر فائرنگ سے ان کے 4 گارڈز زخمی ہوگئے۔ سانگھٹر میں گوٹھ سلطان میں تصادم پر پولنگ بند کرکے پولیس اور رینجرز پہنچ گئے۔ سکھر میں مبارک برڑو پولنگ اسٹیشن میں جھگڑے کے باعث 3 افراد زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع سوراب کے علاقے ماروپ میں پولنگ اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا۔ صوابی کے علاقے غازی کوٹ میں جے یو آئی (ف) اور اے این پی کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد کشیدگی کے بعد پولنگ کچھ دیر کےلئے روک دی گئی۔اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، مردان اور چارسدہ میں بھی سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے، چار سدہ میں عمر زئی میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ سے 6افراد زخمی پوگئے ۔ ہنگو کے علاقے مردانا میں دو گروپوں میں ہاتھا پائی کے بعد پولنگ روک دی گئی۔
تبصرے بند ہیں.