مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور نوجوان شہید
سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز ضلع کپواڑہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوںنے مذکورہ نوجوان کو ضلع میں لولاب کے علاقے گاری واڈ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید نوجوان قاری یاسر ایک عسکریت پسند کمانڈر تھا جو لولاب میں بھارتی فوجیوں کے ساتھ ایک مقابلے میں شہید ہوا۔دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں رام بن کے واقعے کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف مقامات پر بھارتی فوج نے احتجاجی مظاہرین پر حملہ کیا اور مارٹر گولے فائر کیے اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے، وادی بھر میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ سید علی گیلانی نے 26 جولائی کو مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ سکھوں کی تنظیم اکالی دل نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک سامراجی ملک کے طور پر ابھر رہا ہے جہاں سکھوں اور مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جار ہاہے۔
تبصرے بند ہیں.