اپنی مثال آپ زیر آب یہ ریستوران دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیتا ہے۔ ناروے کے انتہائی جنوبی سرے پر واقع اس ریستوران کا کچھ حصہ ساحل پر اور کچھ پانی کے اندر ہے۔ پانی کے اندر موجود حصہ ٹھوس ٹیوب کی شکل کا بنایا گیا ہے۔ یہ نارویجن فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ یہ حیرت انگیز ریستوران ناروے کی اسنوہتا نامی کمپنی کا پہلا تعمیراتی شاہکار نہیں بلکہ اس سے قبل اوسلو کا اوپرا ہاؤس اور نیویارک کا میموریل میوزیم بھی اسی کمپنی کے ماہرین کی تخلیق ہے۔اس آئیڈیا کے بانی شیتل ٹریڈل تھورسن کے مطابق، ’’یہ کوئی چھوٹا سا مچھلی گھر نہیں بلکہ یہ ایک مسحورکن حقیقت ہے۔یہ منظر نہایت دُلربا ہوتا ہے جب کوئی پانی کے اوپر سے پانی کے اندر چل کر جاتا ہے۔‘‘اس ریستوران کے اندر داخلے کے وقت محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کسی ساؤنا میں داخل ہو رہے ہوں۔ اوپری احاطہ لکڑی کے تختوں سے تشکیل دیا گیا ہے۔ آنے والے گاہک کو آٹھ میٹر لمبی سیڑھیاں ڈائننگ ایریا کی جانب لے جاتی ہیں۔ یہاں بیک وقت چالیس مہمان بیٹھ سکتے ہیں۔ مہمانوں کے سامنے بہت بڑی شفاف ونڈو موجود ہے جو سمندر کے اندر کے مناظر اور رنگینیاں دکھاتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.