ہم نےپاکستان اور پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کردیا : مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم نےپاکستان اور پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کردیا ہے ۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے درمیان وزیر اعلیٰ مریم نواز کا خطاب جاری ہے۔پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ حکومت پنجاب کو 100 دن مکمل ہوچکے ہیں، ہم نے مالی سال 2024اور25کا اپنا پہلا بجٹ پیش کردیا ہے۔اس دوران اپوزیشن کی جانب سے نعرے بازی کی گئی کہ ’ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے‘ جس پر مریم نواز نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹھ جائیں، گلا تھک جائے گا۔مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن والے میرے بھائی، بہن ہیں، میں جانتی ہوں کہ ان میں سے بہت بڑی تعداد محب وطن پاکستانیوں کی ہے، اس بار پنجاب کے عوام پر کوئی ٹیکس نہیں لگا، 100 دن میں ہم نے جو کام کیے ہیں، وہ ایک بجٹ تقریر میں سمیٹنا میرے لیے ناممکن تھا اور اب جتنا بھی شور کرلیں، میں جانتی ہوں کہ یہ (اپوزیشن) دباؤ میں ہیں کیونکہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، گالی گلوچ، نعرہ بازی اور شورمچانا یہ ازل سے کرتے آئے ہیں، انشاءاللہ ہم ان کو اپنی کارکردگی سے مات دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اپنی پہلی بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ اس حکومت کو چلانا ایک چیلنج ہے، یہاں نوازشریف جیسا وزیراعلیٰ بھی رہا جس نے بہترین کام کیے، یہاں شہبازشریف جیسا وزیراعلیٰ بھی رہا جس نے محنت سے عوام کی تقدیر بدلی، آج 100دن کے بعد آپ کے سامنے موجود ہوں، تاریخ میں ہوتا ہے 100دن بعد کہا جاتا ہے میں یہ کروں گا،کروں گی، آپ میں وہ سب کام کرکے آئی ہوں جن کا وعدہ کیا تھا، اپوزیشن کی 100دن کی کارکردگی بھی یہاں دکھائی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ تین ماہ کی کارکردگی کے بعد پی ٹی آئی نے اخبارات میں اشتہار دیا تھا، وہ خدمت میں نہیں،انتقام لینے ،نااہلی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے میں مصروف تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کے اے سی اتروانے میں مصروف تھے، میں فخر سے کہنا چاہتی ہوں کہ نواز شریف وہ لیڈر ہے جس نے کہا کہ عمران خان کے سیل میں اگر ایک اے سی لگا ہے تو دوسرا بھی لگا دو، مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔

تبصرے بند ہیں.